Monday, 7 December 2015

Me shayari Kesay karti hon

'میں شاعری کیسے کرتی ہوں
میں اپنے درد چنتی ہوں
پھر ان سے لفظ بنتی ہوں
یونہی چلتے ہوۓ یکدم
غم دوراں کی الجھن میں
کسی لمحے اچانک ہی
کوئی بیتا ہوا لمحہ, یکایک جاگ اٹھتا ہے
میرے دل کے نہاں خانوں میں ہیں صندوق یادوں کے
کہ جن میں بے شکن رکھی ہیں ابھری ڈوبتی یادیں
بظاہر تو غم دوراں سے میں فرصت نہیں پاتی
جھمیلے سینکڑوں ہیں, چار سو, الجھاۓ رکھتے ہیں
مگر اندر میرے اک چور
نقب زن بن کے بیٹھا ہے
کہ جو اک پل کی فرصت میں
ہزاروں بسری یادوں کو
یکایک کھول دیتا ہے
تو میں مبہوت ہو کر, ان کی رنگینی میں بہتی ہوں
اور اس پل میں, ہزاروں بیتے لمحوں کو
یہ دل محسوس کرتا ہے
وہی لذت, وہی امرت...مجھے مدہوش کرتا ہے
بہت سے تار یادوں کے, اس اک پل میں
دوبارہ جھنجھناتے ہیں
مگر ان سے نکلتے ہیں کئی پر درد سے نغمے
میں ان نغموں کی لے کو
اپنی پوروں پر اٹھاتی ہوں
یوں اپنے درد چنتی ہوں
نئے کچھ لفظ___بنتی ہوں

No comments:

Post a Comment

Shaam K Pech O Kham

شام کے پیچ و خم ستاروں سے زینہ زینہ اُتر رہی ہے رات یوں صبا پاس سے گزرتی ہے جیسے کہہ دی کسی نے پیار کی بات صحنِ زنداں کے بے وطن اش...